امیتابھ بچن کم عمر مداح سے ہاتھ نہ ملانے پر تنقید کی زد میں

—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کو اپنی 84ویں سالگرہ کے موقع پر ایک کم عمر مداح سے ہاتھ نہ ملانے پر تنقید کا سامنا ہے۔

11 اکتوبر کو امیتابھ بچن اپنی سالگرہ کی روایت کے مطابق مداحوں سے ملاقات کے لیے باہر آئے، جہاں چند بچے سیکیورٹی حصار عبور کر کے ان کے قریب جانے کی کوشش کرنے لگے، اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے بچوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امیتابھ بچن ہاتھ جوڑ کر مداحوں کا استقبال کر رہے ہیں، تاہم ایک کم عمر لڑکی کی جانب سے ہاتھ ملانے کی درخواست پر انہوں نے انکار کر دیا۔

اداکار نے مداحوں کی جانب سے سجائے گئے بڑے ہار کے ساتھ تصاویر بنوائیں، ہجوم کی جانب ہاتھ ہلایا اور محبت کا اظہار کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے بعد اندر چلے گئے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد صارفین نے امیتابھ بچن کے رویے کو نامناسب قرار دیا۔

بھارتی فلم انڈسٹری کی متعدد معروف شخصیات نے امیتابھ بچن کو سالگرہ کی مبارک باد دی، جن میں ان کی بہو ایشوریا رائے بچن، اجے دیوگن، چرنجیوی، سنجے دت، انوپم کھیر، پربھاس، کمل ہاسن، کاجول اور فرح خان شامل ہیں۔

امیتابھ بچن ان دنوں ٹی وی پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی جاری رکھے ہوئے ہیں، ان کے آئندہ منصوبوں میں رِبھو داس گپتا کی عدالتی ڈرامہ فلم ’سیکشن 84‘ شامل ہے، جس کی نومبر 2026ء میں سینما گھروں میں نمائش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ وہ ناگ اشون کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کلکی 2898 اے ڈی‘ کے اگلے حصے میں اشوتھاما کا کردار دوبارہ ادا کریں گے، فلم کی نمائش 2027ء کے اواخر یا 2028ء میں متوقع ہے۔