فٹبال کے بےتاج بادشاہ میسی کو آج بھی کس چیز کا پچھتاوا ہے؟

لیونل میسی — فائل فوٹو

فٹ بال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے ارجنٹینا کے کھلاڑی لیونل میسی نے اعتراف کیا ہے کہ مجھے اسکول کے زمانے میں انگریزی زبان نہ سیکھنے کا پچھتاوا آج بھی ہے۔

ارجنٹینا کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی نے وہ تمام اعزازات حاصل کیے ہیں جن کا ایک فٹ بالر خواب دیکھتا ہے، انفرادی اعزازات میں بیلن ڈی اور سے لے کر کلب کی سطح پر چیمپئنز لیگ اور ارجنٹینا کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ جیتنے تک میسی نے تقریباً ہر کامیابی اپنے نام کی ہے، تاہم بین الاقوامی فٹ بال سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے 39 سالہ کھلاڑی کے دل میں کچھ پچھتاوے بھی ہیں، ان میں سے ایک انگریزی زبان نہ سیکھنا ہے۔

میسی کے مطابق اگر میں کوئی دوسری زبان جانتا تو زندگی میں ملنے والی بعض غیر معمولی شخصیات سے براہِ راست گفتگو کر سکتا تھا لیکن زبان کی رکاوٹ کے باعث ایسا ممکن نہ ہو سکا۔

عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار بننے کے باوجود میسی بنیادی طور پر ہسپانوی زبان ہی بولتے رہے، جہاں دوسری زبان میں گفتگو کی ضرورت پیش آتی، وہاں انہیں اکثر مترجم کی مدد لینا پڑتی۔

میکسیکن پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ مجھے بہت سی باتوں کا افسوس ہے، بچپن میں انگریزی نہ سیکھنا بھی ان میں شامل ہے، میرے پاس کم از کم انگریزی پڑھنے کا وقت تھا، لیکن میں نے ایسا نہیں کیا، میں نے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا، مجھے اس بات کا بہت گہرا افسوس ہے۔

اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے میسی اب اپنے بچوں کو انگریزی سیکھنے اور اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ اپنے بچوں سے کہتا ہوں کہ اس موقع سے فائدہ اٹھاؤ، ان کے حالات مجھ سے مختلف ہیں، اگرچہ مجھے زندگی میں کبھی کسی چیز کی کمی نہیں رہی۔

میسی نے ارجنٹینا میں اپنی اسکول کی تعلیم کے آخری سال کو بھی مایوس کن قرار دیا ہے۔