بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر فیصل شیخ المعروف مسٹر فیصو نے مدینہ منورہ میں نکاح کی خوبصورت تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کردیا۔
مسٹر فیصو نے انسٹاگرام پر نکاح کی تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ اس خوشی کے موقع پر ان کا پورا خاندان ان کے ساتھ موجود تھا۔
تصاویر کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، ایک خواب حقیقت بن گیا۔ مدینہ منورہ کے خوبصورت شہر میں پورے خاندان کی موجودگی میں نکاح ہونا الفاظ سے بڑھ کر ایک نعمت ہے۔
مسٹر فیصو نے اپنی نئی زندگی کے آغاز پر مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ ان کی ازدواجی زندگی کو بے پناہ محبت اور برکت سے بھر دے۔ آمین۔
ان کی شادی سے متعلق یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی شادی کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ رپورٹس میں کہا جا رہا تھا کہ وہ مدینہ منورہ میں نکاح کے بعد ممبئی میں دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ شادی کی خوشیاں منائیں گے۔
خیال رہے کہ مسٹر فیصو مختصر ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے کے بعد بھارت کے مقبول ڈیجیٹل تخلیق کاروں میں شامل ہوئے۔ انہوں نے میوزک ویڈیوز اور ٹیلی ویژن کے ذریعے بھی اپنی پہچان بنائی، جبکہ وہ رئیلٹی شو ’خطروں کے کھلاڑی 12‘ میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔