نانا پاٹیکر کی موت سے شیکھر سمن دل گرفتہ، شو کا اختتامی پروگرام منسوخ

—فائل فوٹوز

بھارتی اداکار اور ٹی وی میزبان شیکھر سمن نے معروف اداکار نانا پاٹیکر کی موت کے بعد اپنے مقبول شو ’شیکھر ٹونائٹ‘ کی اختتامی قسط منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر اس شو کے آخری مہمان بننے والے تھے، تاہم ان کی موت کے بعد شیکھر سمن نے ناصرف یہ قسط نشر نہ کرنے کا فیصلہ کیا بلکہ ان کی جگہ کسی دوسرے مہمان کو مدعو کرنے سے بھی انکار کر دیا۔

اپنے یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں شیکھر سمن نے بتایا ہے کہ نانا پاٹیکر باقاعدگی سے میرا شو دیکھتے تھے اور انہوں نے خود اس میں شرکت کی خواہش ظاہر کی تھی، حالانکہ وہ عام طور پر ٹی وی پروگراموں میں شرکت کی دعوت قبول نہیں کرتے تھے۔

شیکھر سمن نے نانا پاٹیکر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک بے خوف، بہادر اور دیانت دار فنکار تھے، جن کی سب سے بڑی خوبی ان کی سادگی تھی۔

 انہوں نے بتایا ہے کہ نانا پاٹیکر نے میرے شو کو سراہا تھا اور کہا تھا کہ میں آپ کو اپنے جیسا سمجھتا ہوں، نانا پاٹیکر کی جانب سے شو میں شرکت کی خواہش کا اظہار میرے لیے ایک بڑے اعزاز سے کم نہیں تھا۔

اداکار نے نانا پاٹیکر کے ساتھ اپنی پرانی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں نے 1990ء کی فلم ’تڑپ‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، جس کے ہدایت کار سوہن لال کنور تھے، تاہم یہ فلم مکمل ہونے کے باوجود سینما گھروں میں ریلیز نہ ہو سکی۔

شیکھر سمن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس قسط میں نانا پاٹیکر کے ساتھ خوبصورت گفتگو کرنے والا تھا، وہ بھی اب ناظرین تک نہیں پہنچ سکے گی، میں اس بات کا دکھ زندگی بھر محسوس کروں گا اور نانا پاٹیکر کی جگہ کوئی دوسرا نہیں لے سکتا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ میں اپنے شو کے پہلے سیزن کا اختتام نانا پاٹیکر کی یادوں کے ساتھ کرنا چاہتا ہوں، کیونکہ میرے لیے کسی دوسرے مہمان کو مدعو کرنا ممکن نہیں۔