اسٹیٹ بینک نے ستمبر کی ورکرز ترسیلات سے متعلق تفصیل جاری کردی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) نے ستمبر میں آنے والی ورکرز ترسیلات سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیے۔

ایس بی پی اعلامیے کے مطابق اگست کے مقابلے میں ستمبر میں ترسیلات 1 اعشاریہ 9 فیصد کم رہیں جبکہ ستمبر 2025ء کے مقابلے میں رواں ستمبر میں ترسیلات 12 اعشاریہ 7 فیصد زیادہ رہیں۔

اعلامیے کے مطابق مالی سال 27 کی پہلی سہ ماہی میں ورکرز ترسیلات 14 فیصد اضافے سے 10 اعشاریہ 9 ارب ڈالر رہیں۔

اعداد وشمار کے مطابق مالی سال 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں 9 اعشاریہ 5 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے، سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے ستمبر میں 89 اعشاریہ 9 کروڑ ڈالرز بھیجے۔

ایس بی پی اعلامیے کے مطابق امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے ستمبر میں 30 اعشاریہ 5 کروڑ ڈالر جبکہ یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں نے اس دوران 74 اعشاریہ 85 کروڑ ڈالرز بھیجے۔

اعداد وشمار کے مطابق برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے ستمبر میں 51 اعشاریہ 5 کروڑ ڈالرز بھیجے تھے۔