امریکا کا بھارتی، اماراتی، ترک، برطانوی کمپنیز پر ایرانی تیل کی تجارت کا الزام، پابندیاں عائد

—فائل فوٹو

امریکا نے ایرانی تیل اور پیٹرو کیمیکل تجارت پر 10 اداروں، 6 افراد اور 5 بحری جہازوں کو پابندیوں میں شامل کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات، ترکیہ، برطانوی اور بھارتی کمپنیز پر ایرانی تیل کی تجارت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کی جاری کی گئی فہرست کے مطابق امریکا نے ایرانی تیل اور پیٹرو کیمیکل تجارت پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں، ان میں 10 اداروں، 6 افراد اور 5 بحری جہازوں کو پابندیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق پابندیوں میں بھارت، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، ایران اور برطانیہ سے وابستہ فریق شامل ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ 5 بھارتی شہریوں کو ایرانی پیٹرو کیمیکل تجارت میں کردار پر پابندیوں کا سامنا ہو گا، جبکہ بھارتی کمپنی پر ایرانی مصنوعات درآمد کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں قائم کمپنی پر ایرانی مصنوعات برآمد کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

امریکی حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کا مقصد ایران کی تیل آمدنی کے ذرائع محدود کرنا ہے، امریکا نے ایرانی تیل کی تجارت میں مدد دینے والے نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا ہے۔