پاکستان کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے کہا ہے کہ بیٹیوں کو محبت سے پالنے کے بعد ناکام شادی کے نتیجے میں ان سے منہ موڑ لینا سمجھ سے بالاتر ہے۔
اداکار نے شادی شدہ بیٹیوں کے ساتھ ناانصافی یا تشدد کی صورت میں ان کا ساتھ نہ دینے والے والدین کے رویے پر سخت تنقید کی ہے۔
حال ہی میں انہوں نجی ٹی وی پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی شدہ بیٹیوں سے متعلق اپنے ایک سابقہ بیان پر گفتگو کی۔
فیصل قریشی نے کہا کہ میں اس سوچ کے بالکل خلاف ہوں کہ بیٹی کی شادی کے بعد صرف اس کا جنازہ ہی گھر واپس آئے گا، ہم اپنی بیٹیوں کو اتنی محبت اور توجہ سے پالتے ہیں، تو شادی کے بعد ان سے منہ موڑ لینا کیسے ممکن ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ جب والدین کو معلوم ہو کہ ان کی بیٹی کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے یا اسے مارا پیٹا جا رہا ہے، تب بھی وہ کہتے ہیں کہ ہم اسے صرف اس کی لاش کی صورت میں قبول کریں گے۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ آخر بیٹیوں کو اس حال تک پہنچنے ہی کیوں دیا جائے؟ کیا وہ آپ کی بیٹی نہیں ہے؟ اسے واپس اپنے گھر لے آئیں۔