اسمرتی ایرانی نے نانا پاٹیکر کی مچھلی پکاتے یادگار ویڈیو شیئر کر دی

— فائل فوٹو 

معروف بھارتی اداکارہ اور سیاست دان اسمرتی ایرانی نے نانا پاٹیکر کو جذباتی انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

اسمرتی ایرانی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر نانا پاٹیکر کی مچھلی پکاتے ہوئے ایک یاد گار ویڈیو شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں نانا پاٹیکر کو پیار سے ’دادا‘ کہہ کر مخاطب کیا ہے اور ان کے ساتھ گزرے وقت کی خوبصورت یادوں کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ مجھے نانا پاٹیکر کے فون اچانک آتے تھے اور وہ رسمی گفتگو کے بجائے بے تکلفی سے پوچھتے تھے کہ میں کہاں ہوں؟

اسمرتی ایرانی نے بتایا کہ ہم دونوں نے ایک ساتھ بہت کم تصاویر بنوائیں اور نانا پاٹیکر کا میرے لیے کھانا پکانے کا یہ لمحہ میری ان کے ساتھ گزری  قیمتی یادوں میں شامل ہے۔

اُنہوں نے نانا پاٹیکر کے ساتھ ہونے والی اپنی آخری گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اُنہوں نے مجھ سے پوچھا تھا کہ میں پونا کب آؤں گی؟ جس پر میں نے جواب دیا تھا کہ  میں جلد آؤں گی، مگر اب مجھے افسوس ہے کہ میری ان سے یہ ملاقات وقت پر نہ ہو سکی۔

واضح رہے کہ نانا پاٹیکر کو اداکاری کے علاوہ کھانا پکانے کا بھی بہت شوق تھا۔ اسی لیے اداکار کی موت کے بعد کئی اداکاروں نے کھانا پکاتے ہوئے ان کی دلچسپ ویڈیوز شیئر کی ہیں۔