نانا پاٹیکر کی موت کے بعد ’غیر فطری موت‘ کا کیس درج کر لیا گیا

نانا پاٹیکر — فائل فوٹو

بالی ووڈ کے آنجہانی سینئر اداکار نانا پاٹیکر کی موت پر غیر فطری موت (یو ڈی) کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست گوا کی پولیس نے بھارتی شہری تحفظِ انصاف قانون (بی این ایس ایس) کی دفعہ 194 کے تحت نانا پاٹیکر کی موت کے بعد غیر فطری موت (یو ڈی) کا کیس درج کر لیا ہے۔

75 سالہ اداکار گزشتہ روز علی الصبح گوا میں اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق قومی فلم ایوارڈ یافتہ اداکار کو ان کی رہائش گاہ سے اسپتال لایا گیا، جہاں پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جن کی نگرانی پولیس سب انسپکٹر نتن نائک کر رہے ہیں۔

پولیس کیس کیوں درج کیا گیا؟

نانا پاٹیکر کی موت کے معاملے میں پولیس کیس کا اندراج معمول کی قانونی کارروائی ہے، کیونکہ اداکار اپنی رہائش گاہ پر اکیلے تھے اور انہیں اسپتال مردہ حالت میں لایا گیا تھا۔

ایسے معاملات میں پولیس غیر فطری موت کا کیس درج کرتی ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ پہلو یا ممکنہ مجرمانہ کارروائی کے امکان کو مسترد کیا جا سکے۔

اس معاملے میں اسپتال کی جانب سے پولیس کو رپورٹ دیے جانے کے بعد کیس درج کیا گیا۔

واضح رہے کہ نانا پاٹیکر کی آخری رسومات گزشتہ رات پونے میں واقع ان کے فارم ہاؤس پر مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ ادا کی گئیں۔