نانا پاٹیکر نے اپنی آخری رسومات کیلئے لکڑیاں خود جمع کر کے کیوں رکھی تھیں؟

— فائل فوٹو 

بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر اپنی بے باک شخصیت اور منفرد حسِ مزاح کے لیے مشہور تھے۔

نانا پاٹیکر گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے 75 سال کی عمر میں چل بسے تھے، ان کی موت کے بعد فوٹو گرافر اتل کاسبیکر نے اداکار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا ہے۔

اُنہوں نے بتایا ہے کہ نانا پاٹیکر نے ایک مرتبہ مجھے اپنے پونا کے قریب واقع فارم ہاؤس کا دورہ کروایا تھا اور وہاں موجود وہ لکڑیاں بھی دکھائی تھیں جو اداکار نے اپنی آخری رسومات کے لیے پہلے سے جمع کر کے رکھی تھیں۔

اتل کاسبیکر نے بتایا ہے کہ نانا پاٹیکر نے لکڑیاں جمع کر کے رکھنے کی وجہ بھی بڑے دلچسپ انداز میں بتائی تھی کہ ’گیلی لکڑی جلانے سے دھواں زیادہ اٹھتا ہے اور میں نہیں چاہتا کہ میری آخری رسومات میں شریک لوگ دھویں کے باعث آنکھوں میں پانی آنے کو میرے لیے بہائے گئے آنسو سمجھیں، اس لیے میں نے خود یہ خشک لکڑیاں جمع کی ہیں۔

نانا پاٹیکر کا یہ مزاحیہ انداز ان کی شخصیت کا دلوں کو چھو لینے والا منفرد پہلو تھا۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل 2023ء میں فلم ’دی ویکسین وار‘ کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں اداکار نے خود بھی اپنی آخری رسومات کے لیے لکڑیاں جمع رکھنے کا ذکر کیا تھا۔

انہوں نے ان لکڑیوں کو اپنی زندگی کی آخری ملکیت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے تقریباً 12 من لکڑی رکھی ہوئی ہے اور میری خواہش ہے کہ آخری رسومات کے لیے صرف خشک لکڑی استعمال کی جائے۔