بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار نانا پاٹیکر کی موت سے چند روز قبل آخری تقریب میں شرکت کی ویڈیو سامنے آگئی۔
نانا پاٹیکر نے موت سے صرف 4 روز قبل گوا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زندگی کے فانی ہونے کے بارے میں بات کی تھی، انہوں نے 4 اکتوبر کو ساحلی علاقے ڈونا پاؤلا میں منعقدہ ’سمراٹ کلب انٹرنیشنل‘ کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
انہوں نے اس تقریب سے خطاب کے دوران اپنے آنجہانی دوست اور گوا کے سابق وزیرِ اعلیٰ منوہر پاریکر کو یاد کرتے ہوئے زندگی کے بارے میں کہا کہ ہر انسان کو ایک دن دنیا سے جانا ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ میں بھی کل تک زندہ ہوں گا یا نہیں۔
نانا پاٹیکر نے نوجوانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اہم یہ ہے کہ کیا انسان اپنی زندگی ختم ہونے سے پہلے وہ سب کچھ کر سکا جو وہ کرنا چاہتا تھا یا نہیں، اگر انسان کی زندگی صرف اس کے گھر والوں تک ہی محدود رہی تو پھر اس کی زندگی کا مقصد کیا ہے؟ ہم اس دنیا میں آئے ہیں تو کچھ نہ کچھ تو اچھا کر کے جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ نانا پاٹیکر آج صبح گوا میں اپنی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
اداکار کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی، ڈاکٹرز نے ان کی جان بچانے کے لیے تقریباً 45 منٹ تک مسلسل سی پی آر دیا لیکن ان کی حالت میں بہتری نہ آئی اور وہ چل بسے۔