برطانوی پوسٹل سروس رائل میل کا ڈھائی ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا عندیہ

— فائل فوٹو 

برطانوی پوسٹل سروس رائل میل کی طرف سے اگلے سال کے اختتام تک ڈھائی ہزار سے زائد ملازمتیں ختم کرنے کا عندیہ دے دیا گیا۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رائل میل نے 2027ء کے آخر تک 2 ہزار 500 ہیڈ آفس کے اہلکاروں اور دیگر معاون کرداروں کو کم کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے جو افرادی قوت میں تقریباََ 2 فیصد کمی کے مترادف ہو گا، یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ فرنٹ لائن پوسٹل ورکرز، پوسٹیز اور ڈرائیورز مجوزہ تنظیمِ نو کا حصہ نہیں ہیں۔

رائل میل کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افرادی قوت میں کمی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹیو الیسٹر کوچران نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملازمتوں میں کٹوتیاں آسان نہیں ہوں گی لیکن یہ عمل ہمارے صارفین اور ساتھیوں کے لیے ایک مضبوط، آسان اور مستقبل کے لیے تیار رائل میل بنانے کا ایک اہم حصہ ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ یونینز، کمیونیکیشن ورکرز یونین (سی ڈبلیو یو) اور یونائیٹ سی ایم اے کیساتھ منصوبوں پر باضابطہ مشاورت جاری ہے۔

دوسری طرف ڈپٹی جنرل سیکریٹری مارٹن والش نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رائل میل قومی ادارہ ہے جسے بچانے کے لیے فوری مداخلت ناگزیر ہے۔