ایران، یمن، مصر، سوڈان انتہائی خطرناک، سوئٹزرلینڈ و ناروے محفوظ ترین ممالک

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

گلوبل رسک میپ نے عالمی سروے میں ایران، یمن، مصر اور سوڈان کو انتہائی خطرناک جبکہ سوئٹزر لینڈ اور ناروے کو دنیا میں محفوظ ترین ملک قرار دے دیا۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق امریکی سیکیورٹی فرم گلوبل گارڈین نے اپنا 2027ء کا گلوبل رسک میپ شائع کیا ہے جس میں دنیا بھر کے ممالک کی حفاظت کا اندازہ مختلف عوامل کے مطابق لگایا گیا ہے۔

ان عوامل میں جرائم، مسلح تصادم، دہشت گردی، سیاسی بدامنی، صحت کی دیکھ بھال کا نظام، بنیادی ڈھانچہ اور قدرتی آفات کو معیار جانچنے کے لیے پیمانہ بنایا گیا ہے۔

دنیا کے کئی خطرناک ترین ممالک مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقا میں واقع ہیں جن میں ایران، یمن اور سوڈان شامل ہیں۔

سروے میں یوکرین کے ساتھ روسی سرحد سے ملحقہ کئی ممالک کی زمین بھی انتہائی خطرے سے دوچار، جبکہ سوئٹزرلینڈ، ناروے اور ڈنمارک کو سب سے کم خطرے والا ملک قرار دیا گیا ہے۔

برطانیہ اور امریکا کو اعتدال پسند، مگر میکسکیو کی طرف سرحدی علاقہ خطرے سے دوچار قرار دیا گیا ہے۔

خلیج میں اردن، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور عمان کو درمیانے درجے کے خطرے والے ممالک کے طور پر درجہ بندی میں شامل کیا گیا ہے۔

نائیجیریا کو ڈکیتی، منظم جرائم، بین المسالک تشدد، جبکہ ایتھوپیا خانہ جنگی کے بعد خطرناک درجہ بندی میں شامل ہے، جنوبی امریکا میں وینزویلا، نیز کولمبیا اور برازیل بھی تقریباً اسی کیٹیگری میں شامل ہیں۔