نانا پاٹیکر کو’اودے شیٹی‘ کا مشہور کردار کرنے کیلئے کیسے منایا؟ انیس بزمی کا دلچسپ انکشاف

— فائل فوٹو 

بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر نے فلم ’ویلکم‘ میں اودے شیٹی کا کردار اس قدر یادگار انداز میں نبھایا کہ آج بھی بھارتی سنیما کے مقبول ترین مزاحیہ کرداروں میں شمار ہوتا ہے۔ 

نانا پاٹیکر کے سوشل میڈیا میمز کا حصّہ بننے والے اس مشہور مزاحیہ کردار کے بارے میں یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اداکار ابتداء میں یہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہی نہیں تھے۔

یہ انکشاف فلم ’ویلکم‘ کے ہدایت کار انیس بزمی نے ’دی کپل شرما شو‘ کے دوسرے سیزن میں کیا تھا اور یہ بھی بتایا تھا کہ انہوں نے نانا پاٹیکر کو یہ کردار ادا کرنے کے لیے کیسے منایا۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے نانا پاٹیکر کو  فون کر کے کہا کہ میں آپ سے ملنا چاہتا ہوں اور ایک فلم کی کہانی سنانا چاہتا ہوں۔

انیس بزمی نے بتایا کہ جب میں اداکار کے گھر پہنچا تو انہوں نے کہانی سننے سے پہلے ہی کہا کہ میری ماں کی قسم کھا کر کہو کہ یہ فلم میرے لیے صحیح ہے اور مجھے یہ کرنی چاہیے۔

ہدایت کار نے بتایا کہ میں نے نانا پاٹیکر کو قسم دینے کے بجائے پوری کہانی سنانے پر اصرار کیا پھر تقریباً 3 گھنٹے تک فلم کا اسکرپٹ سناتا رہا جیسے ہی کہانی مکمل ہوئی تو اداکار نے مجھے گلے لگا لیا اور کہا کہ میں کچی مٹی کی طرح ہوں، ہدایت کار مجھے جس روپ میں ڈھالنا چاہے، ڈھال سکتا ہے۔

انیس بزمی نے یہ بھی بتایا کہ عام طور پر نانا پاٹیکر کے غصے اور سخت مزاجی کے بارے میں بات کی جاتی تھی لیکن میرے ذاتی تجربے میں نانا کے ساتھ کام کرنا انتہائی آسان تھا۔

2007ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’ویلکم‘ میں نانا پاٹیکر نے اودے شیٹی نامی خوفناک ڈان کا کردار ادا کیا تھا جو اپنی بہن سنجنا کی شادی ایک شریف خاندان میں کروانے کے لیے بے چین رہتا ہے۔

اس فلم میں اداکار انیل کپور نے نانا پاٹیکر کے دوست مجنوں بھائی کا کردار ادا کیا تھا، ان دونوں کی جوڑی اور مزاحیہ نوک جھونک فلم کی سب سے بڑی کامیابیوں میں شامل رہی، اداکار کا یہ کردار اودے شیٹی بعد میں سوشل میڈیا میمز کا اہم حصہ بن گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اودے شیٹی کے کردار کے مقبول ہونے سے قبل نانا پاٹیکر کو عموماً سنجیدہ اور شدت پسند کرداروں کے لیے جانا جاتا تھا مگر فلم ’ویلکم‘ نے دنیا کے سامنے ان کا ایک نیا اور مختلف انداز پیش کیا۔