نانا پاٹیکر نے 1 کروڑ روپے معاوضہ مانگا، پروڈیوسر سے برتن بھی دھلوائے: پریش راول

—فائل فوٹوز

بالی ووڈ اداکار پریش راول نے ماضی کا ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نانا پاٹیکر نے ایک کردار کے لیے 1 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ طلب کیا تھا، جبکہ اس وقت کئی بڑے اداکار بھی اتنے معاوضے کا مطالبہ کرنے سے گریز کرتے تھے۔

پریش راول نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ نانا پاٹیکر دیگر اداکاروں سے بالکل مختلف انداز رکھتے تھے اور اسی دور میں انہوں نے 1 کروڑ روپے کی فیس طلب کی، جو انہیں بالآخر مل بھی گئی۔

پریش راول نے نانا پاٹیکر سے متعلق ایک اور دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک پروڈیوسر نانا پاٹیکر سے ملنے ان کے گھر گیا، جہاں اداکار نے اسے کھانے میں مٹن پیش کیا اور کھانا کھانے کے بعد پروڈیوسر سے برتن دھونے کو کہا۔

پریش راول کے مطابق نانا پاٹیکر نے پروڈیوسر سے کہا کہ آپ نے کھانا کھا لیا ہے، اب جا کر برتن صاف کریں۔

پریش راول نے نانا پاٹیکر کی شخصیت کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نانا کا کوئی مقابلہ نہیں، وہ بالکل مختلف انسان تھے۔

واضح رہے کہ نانا پاٹیکر نے 1978ء میں فلم ’گامن‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 4 دہائیوں سے زائد عرصے تک ہندی سنیما میں کام کیا۔

وہ ’سلام بمبئی!‘، ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘ اور ’اگنی ساکشی‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔

ان کی اداکاری پر انہیں ’پرندہ‘ کے لیے بہترین معاون اداکار اور ’کرانتی ویر‘ کے لیے بہترین اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملا تھا۔

 نانا پاٹیکر نے سنجیدہ کرداروں کے ساتھ ساتھ ’ویلکم‘ اور ’ویلکم بیک‘ جیسی فلموں میں مزاحیہ کردار بھی ادا کیے۔