امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایلون مسک سمیت ٹیکنالوجی اور سائنس کے شعبے سے وابستہ نمایاں شخصیات کو امریکا کے اعلیٰ سائنسی اعزازات سے نوازیں گے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق گوگل کے شریک بانی سرگئی برِن، اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو جینسن ہوانگ اور اے ایم ڈی کی سربراہ لیزا سو کو نیشنل میڈل آف سائنس دیا جائے گا۔
کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے ماہر مائیکل ڈیل اور مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکٹیو ستیہ نڈیلا کو نیشنل میڈل آف ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن سے نوازا جائے گا، وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ اپنے شعبے کا اعلیٰ ترین امریکی اعزاز ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان لز ہسٹن نے کہا ہے کہ ان شخصیات کی سائنسی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں خدمات امریکا کو جدت کے میدان میں عالمی قیادت برقرار رکھنے میں مدد دے رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ایلون مسک گزشتہ سال ٹرمپ سے اختلافات کے بعد دوبارہ ان کے قریب آ گئے ہیں۔
مسک نے 2024ء کی صدارتی انتخابی مہم میں ٹرمپ کے سب سے بڑے عطیہ دہندگان کے طور پر بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
مسک اور جینسن ہوانگ گزشتہ ماہ چینی صدر شی جن پنگ کے اعزاز میں ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بھی شریک ہوئے تھے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان نے گزشتہ ہفتے بھی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی، جس میں مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے خود ضابطہ کاری پر بات ہوئی۔