بین الاقوامی تیل کی منڈیاں ٹرمپ کے جھوٹ کو پہچانتی ہیں: نائب کمانڈر پاسدارانِ انقلاب

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے نائب کمانڈر علی محمدی—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے نائب کمانڈر علی محمدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل اور بحری جہازوں کی آمد و رفت سے متعلق دعوؤں کو مسترد کر دیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق علی محمدی نے کہا ہے کہ اگر واقعی آبنائے ہرمز سے تیل اور بحری جہاز گزر رہے ہیں تو بین الاقوامی منڈیوں میں اس کا اثر کیوں نہیں ہے؟

انہوں نے کہا کہ کیونکہ آپ جھوٹ بول رہے ہیں، بین الاقوامی تیل کی منڈیاں بھی امریکی صدر ٹرمپ کے جھوٹ کو پہچانتی ہیں۔

انہوں نے امریکی دعوے پر بھی سوال اٹھایا کہ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

علی محمدی نے پوچھا کہ اگر ایسا ہے تو امریکی افواج آبنائے ہرمز کی جانب پیش قدمی کرنے کے بجائے 600 سے 700 کلو میٹر دور (370 سے 435 میل) کیوں موجود ہیں؟

انہوں نے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے خلیج، آبنائے ہرمز اور خلیجِ عمان میں بحری جہازوں کی نقل و حرکت پر مکمل نگرانی رکھی ہوئی ہے۔