تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کی تاریخ کا اعلان، 150 ممالک کے فنکاروں کی پرفارمنسز متوقع

کراچی میں تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے، ایونٹ کا آغاز 29 اکتوبر سے ہوگا جو 22 نومبر تک جاری رہے گا۔ صدر آرٹس کونسل پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ ایونٹ میں اس مرتبہ 150 ممالک کے فنکار فیسٹیول کا حصہ بن رہے ہیں۔ 

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل کراچی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے ایک ہزار سے زائد فنکار کراچی آرہے ہیں، جبکہ پاکستان کے 500 سے زائد فنکار بھی مختلف پروگراموں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

محمد احمد شاہ نے کہا کہ ہم نے ثقافتی سفارتکاری کے ذریعے دنیا میں پاکستان، سندھ اور کراچی کے بارے میں موجود غلط تصورات کو دور کرنے کا فیصلہ کیا۔ سندھ حکومت، محکمہ ثقافت اور دیگر متعلقہ ادارے اس فیسٹیول کے باضابطہ اور فعال شراکت دار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کا بنیادی مقصد ثقافت کے ذریعے لوگوں کو قریب لانا اور امن کا پیغام دینا ہے۔ 

محمد احمد شاہ نے بتایا کہ فلسطین سے بھی دو تھیٹر گروپس شرکت کر رہے ہیں جن کے کئی فنکار شہید ہوچکے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کے فنکار فیسٹیول میں شریک ہوں گے، جن میں سندھ کے علاوہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر، پنجاب اور سرائیکی خطے کے فنکار بھی شامل ہیں۔ 

صدر آٹس کونسل کراچی نے کہا کہ پاکستانی اور غیر ملکی فنکاروں کے درمیان فیوژن پرفارمنسز بھی پیش کی جائیں گی جبکہ فیسٹیول میں خصوصی طور پر ’’مہران نائٹ‘‘ منعقد کی جائے گی جس کا مقصد سندھ کے فن، موسیقی اور ثقافت کو نمایاں کرنا ہے۔

محمد احمد شاہ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی فنکار ہمارے الغوزے، بورندو اور دیگر روایتی سازوں میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں، اسی ثقافتی تبادلے کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس معرکۂ حق کے موقع پر بھی سندھ حکومت، محکمہ ثقافت اور آرٹس کونسل نے کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں بڑے پروگرام منعقد کیے، جس میں لاکھوں شہریوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ حکومت کا وژن ہے کہ ثقافتی سرگرمیوں کو صرف آرٹس کونسل تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ پورے علاقے کو ’’آرٹ ولیج‘‘ کی شکل دی جائے۔

اس دوران صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ دو فیسٹیولز میں بڑی تعداد میں عالمی فنکار شریک ہوئے جبکہ اس مرتبہ بھی مختلف ممالک سے فنکار پاکستان آرہے ہیں۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے خاندانوں کے ساتھ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں شرکت کے لیے پیشگی رجسٹریشن کروائیں۔

فیسٹیول کے تقریباً 80 فیصد پروگراموں پر ٹکٹ نہیں ہوگا جبکہ صرف پیشگی رجسٹریشن درکار ہوگی، تاہم 6 سے 8 بڑے میگا کنسرٹس پر ٹکٹ رکھا گیا ہے۔