ویرات کوہلی نے پریم آنند مہاراج کے آشرم جانے کیلئے 5 کروڑ روپے لینے کا دعویٰ مسترد کر دیا

—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے اہلیہ انوشکا شرما کے ہمراہ پریم آنند مہاراج کے ورنداون آشرم جانے کے عوض 5 کروڑ روپے لینے کے الزام کو مسترد کر دیا۔

ویرات کوہلی کے ترجمان کے مطابق کرکٹر نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور حقائق کے منافی بیان قرار دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ویرات اور ان کی اہلیہ انوشکا شرما آشرم میں مذہبی عقیدت کے باعث جاتے ہیں، جوڑے نے کبھی آشرم جانے کے لیے معاوضہ وصول نہیں کیا۔

واضح رہے کہ ویرات اور انوشکا پر الزام لگانے والے فلاحاری مہاراج دنیش شرما نے دعویٰ کیا تھا کہ ویرات کوہلی کو آشرم لانے کے لیے 5 کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فلاحاری مہاراج کی جانب سے کیے گئے اس دعوے کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے۔