او سی ڈی کیا ہے؟ لوگ ایک ہی کام بار بار کیوں دہراتے ہیں؟

— فائل فوٹو 

بعض افراد دروازہ بند کرنے، گیس بند کرنے یا ہاتھ دھونے جیسے کام ایک بار کرنے کے باوجود انہیں بار بار دہراتے ہیں، جب یہ رویہ بے قابو ہو جائے، ذہنی دباؤ پیدا کرے اور روزمرہ زندگی متاثر ہونے لگے تو یہ آبسیسیو کمپلسیو ڈس آرڈر (OCD) کی علامت ہو سکتا ہے۔

او سی ڈی ایک ذہنی صحت کی کیفیت ہے جس میں انسان کو بار بار آنے والے غیر مطلوب اور پریشان کن خیالات، خواہشات یا خدشات کا سامنا ہوتا ہے، جنہیں اوبسیشن کہا جاتا ہے اور ان خیالات سے پیدا ہونے والی بے چینی کم کرنے کے لیے متاثرہ فرد بعض کام یا ذہنی سرگرمیاں بار بار دہرانے پر مجبور محسوس کرتا ہے، جنہیں کمپلژن کہا جاتا ہے۔

مثلاً جراثیم سے آلودگی کا خوف کسی شخص کو بار بار ہاتھ دھونے پر مجبور کر سکتا ہے، اسی طرح یہ خدشہ کہ دروازہ لاک نہیں ہوا، کسی شخص کو بار بار دروازہ چیک کرنے پر مجبور کر سکتا ہے جب کہ کچھ افراد چیزوں کو مخصوص ترتیب میں رکھنے، گنتی کرنے یا ذہن میں الفاظ دہرانے جیسی حرکات بھی کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بار بار کیا جانے والا یہ عمل عارضی طور پر بے چینی کم کر دیتا ہے لیکن کچھ دیر بعد وہی خیال اور اضطراب دوبارہ لوٹ آتا ہے، جس سے ایک مسلسل چکر بن جاتا ہے۔

یہاں یہ بات واضح کرنا بھی اہم ہے کہ ہر شخص کا کبھی کبھار چیزیں دوبارہ چیک کرنا یا صفائی کرنا او سی ڈی نہیں ہوتا۔

او سی ڈی میں خیالات یا عادات اتنی شدید اور وقت طلب ہو سکتی ہیں کہ انسان کی روز مرہ زندگی، کام یا تعلقات متاثر ہونے لگتے ہیں۔

او سی ڈی ذہنی صحت کی ایک قابلِ علاج کیفیت ہے] اس کے لیے عموماً کگنیٹیو بیہیویرل تھراپی (CBT) اور بعض صورتوں میں ادویات استعمال کی جاتی ہیں۔

 اگر اس طرح کے بار بار آنے والے خیالات کسی بھی شخص کے معمولاتِ زندگی کو متاثر کر رہے ہوں تو ذہنی صحت کے ماہر سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔