طلبہ احتجاج کے معاملے پر فرانسیسی وزیرِ خارجہ کا ٹرمپ کو جواب

— فائل فوٹو 

فرانس کے وزیرِ خارجہ جین نوئیل برو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فرانس میں جاری طلبہ احتجاج سے متعلق دیے بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

جین نوئیل برو کا کہنا ہے کہ فرانس کو اپنے حالات کی وضاحت خود کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اگر فرانس اپنی کہانی خود بیان نہیں کرے گا تو دوسرے لوگ اس کے بارے میں اپنی کہانیاں بیان کریں گے۔

فرانس کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ فرانس کے حریف، مخالفین اور اتحادی سب ہی ملک میں جاری طلبہ تحریک کے بارے میں اپنی اپنی تشریح کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ ردِعمل ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں فرانس میں ہائی اسکول طلبہ کے احتجاج کو بڑے پیمانے پر ہونے والی نقل مکانی کا شاخسانہ قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فرانس میں طلبہ کے احتجاج کا آغاز ستمبر میں اسکولوں میں اساتذہ کی کمی، خستہ حال عمارتوں، زیادہ بھرے ہوئے کلاس رومز اور تعلیمی وسائل کی کمی کے خلاف ہوا تھا۔

بعد ازاں یہ تحریک ملک کے مختلف شہروں تک پھیل گئی اور بعض مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

فرانسیسی وزارتِ داخلہ کے مطابق منگل کو احتجاج کے دوران 488 افراد گرفتار ہوئے جبکہ 43 قانون نافذ کرنے والے اہلکار زخمی ہوئے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ ملک گیر مظاہروں میں تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار افراد شریک ہوئے۔