ایرانی صدر نے نئے وزیرِ دفاع کیلئے امیدوار نامزد کر دیا

ایرانی صدر مسعود پزشکیان— فائل فوٹو

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے نئے وزیرِ دفاع کے عہدے کے لیے مہرداد اخلاقی کو امیدوار نامزد کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہرداد اخلاقی ایران کے میزائل پروگراموں سے وابستہ ایک تجربے کار عہدیدار ہیں۔

سابق وزیرِ دفاع عزیز نصیر زادہ جنگ کے آغاز میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں شہید ہو گئے تھے، جس کے بعد مارچ کے اوائل سے یہ وزارت قائم مقام وزیرِ دفاع ماجد ابنِ رضا سنبھال رہے تھے۔

یورپی یونین نے مہرداد اخلاقی کو شہید باقری انڈسٹریل گروپ کے سربراہ کی حیثیت سے ان کے کردار کے باعث پابندیوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔

مذکورہ ادارے کو ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں کردار کے باعث پابندیوں کا سامنا ہے۔

مہرداد اخلاقی کو دفاعی شعبے میں ماضی کی ذمے داریوں کے باعث امریکا کی جانب سے بھی پابندیوں کا سامنا ہے۔

مہرداد اخلاقی کی بطور وزیرِ دفاع نامزدگی کی منظوری کے لیے پارلیمان میں اعتماد کا ووٹ درکار ہو گا۔