مالی بحران کے دوران انوپم کھیر نے کوئی مدد نہیں کی: بھائی راجو کھیر

تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر کے چھوٹے بھائی، اداکار و ہدایت کار راجو کھیر نے اپنی زندگی کے ایک مشکل دور کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی بحران کے دوران انوپم کھیر نے میری کوئی مدد نہیں کی۔

راجو کھیر کا کہنا ہے کہ ایک ٹیلی ویژن پروجیکٹ میں ان کے ساتھ دھوکا ہوا، پروجیکٹ کے لیے اپنا گھر تک فروخت کر دیا تھا، لیکن وہ پروجیکٹ کبھی مکمل نہ ہو سکا۔ اور پھر جب میں نے اپنے بھائی انوپم کھیر سے مدد مانگی تو انہیں اس طرح کی مالی مدد نہیں مل سکی جس کی انہیں توقع تھی۔

سدھارتھ کنن کے پوڈکاسٹ میں 69 سالہ راجو کھیر نے کہا ایک نیا ٹی وی چینل شروع ہونے والا تھا جس میں پروجیکٹ شروع کرنے کے لیے میں نے اپنا گھر بیچا اور رقم پروجیکٹ پر لگا دی۔ جس کا نام’لائف کے لیے کچھ بھی کرے گا‘ تھا پھر اچانک مجھے پتا چلا کہ وہ چینل ہی غائب ہو گیا ہے۔ راجو کھیر کے مطابق اس صورتحال کے بعد ان پر کرائے کے مکان کی ادائیگی کا دباؤ بھی آ گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس کوئی اور نہیں تھا، میں صرف اپنے بھائی سے بات کر سکتا تھا، مجھے لگا کہ وہ میری مدد کریں گے۔ لیکن اس وقت وہ بھی کام نہیں کر رہے تھے۔ اس لیے مجھے محسوس ہوا کہ بھائی نے میری مدد نہیں کی۔ اس وقت میرا یہی خیال تھا کہ وہ میری مدد کر سکتے تھے۔

تاہم، بعد میں راجو کھیر کو احساس ہوا کہ ان کے بھائی انوپم کھیر خود بھی مشکلات سے گزر رہے تھے اور صرف کامیاب ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ زندگی ہمیشہ آسان ہوتی ہے۔ 

راجو کھیر کے مطابق ایک مرتبہ انہوں نے انوپم کھیر کا ایک انٹرویو پڑھا، جس میں انوپم نے اپنے ایک بیٹے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس بات نے راجو کو احساس دلایا کہ وہ اپنی مشکلات میں اتنے الجھے ہوئے تھے کہ انہوں نے اپنے بھائی کو قدرے معمولی سمجھ لیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انوپم کھیر اپنے بیٹے سکندر کھیر سے بہت محبت کرتے ہیں۔سکندر کھیر اداکارہ کرن کھیر اور ان کے پہلے شوہر گوتم بیری کے بیٹے ہیں۔ کرن کھیر اور انوپم کھیر نے 1985 میں شادی کی تھی، اس وقت سکندر کی عمر چار سال تھی۔ 

جہاں تک کام کا تعلق ہے تو انوپم کھیر جلد ہی پرشانت بھاگیا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کھوسلہ کا گھوسلہ 2 میں نظر آئیں گے۔ یہ 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم کھوسلہ کا گھوسلہ کا سیکوئل ہے۔