پاکستانی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ اور مشہور ذیزائنر و کاروباری شخصیت زین احمد کی علیحدگی سے متعلق زیرِ گردش خبروں کو بریک لگ گیا۔
حال ہی میں بی او ایف نے زین احمد کو 2026ء کی کلاس میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گلوکارہ نے اپنے شوہر زین احمد کا نام ’بزنس آف فیشن‘ (بی او ایف) کی BoF 500 فہرست میں شامل کیے جانے پر کھل کر فخر کا اظہار کیا ہے۔
زین احمد لاہور میں قائم فیشن ہاؤس رستہ کے بانی اور تخلیقی ڈائریکٹر ہیں، انہوں نے پیرس میں منعقدہ بی او ایف گالا میں شرکت کی اور تقریب کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ بی او ایف گالا میں کیا ہی شاندار شام تھی اور عمران احمد کا شکریہ کہ وہ اس صنعت کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔
آئمہ بیگ نے مذکورہ پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پرائڈ اینڈ پراؤڈ جس کے جواب میں ان کے شوہر زین احمد نے کہا کہ ہمیشہ حمایت کرنے کا شکریہ۔
خیال رہے کہ زین احمد اس فہرست میں شامل ہونے والے دوسرے پاکستانی ہیں، ان سے قبل ڈیزائنر فراز منان 2024ء میں بی او ایف 500 کا حصہ بن چکے ہیں۔
بی او ایف 500 ’بزنس آف فیشن‘ کی جانب سے ہر سال جاری کیا جانے والا ایک اعزاز ہے، جس میں عالمی فیشن انڈسٹری کی تشکیل میں ڈیزائن، کاروبار اور ثقافت کے شعبوں میں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو شامل کیا جاتا ہے۔
بی او ایف کئی ماہ تک نامزدگیوں اور اپنے ادارتی جائزے کی بنیاد پر نئے اراکین کا انتخاب کرتا ہے، 2026ء کی کلاس کا اعلان پیرس فیشن ویک کے دوران منعقدہ ایک گالا میں کیا گیا۔
آئمہ بیگ اور زین احمد کے درمیان سوشل میڈیا پر یہ تبادلۂ خیال ان کی علیحدگی کے حوالے سے کئی ماہ سے جاری قیاس آرائیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
دونوں نے 6 اگست 2025ء کو کینیڈا میں ایک نجی نکاح کی تقریب میں شادی کی تھی، دونوں کے درمیان اختلافات کی اطلاعات پہلی مرتبہ اکتوبر 2025ء میں سامنے آئی تھیں، جب زین احمد نے انسٹاگرام پر آئمہ بیگ کو اَن فالو کر دیا تھا اور ان کی شادی کی تصاویر بھی ہٹا دی تھیں۔
بعد ازاں انہوں نے کہا تھا کہ ایک تکنیکی مسئلے کے باعث پوسٹس آرکائیو ہو گئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے تصاویر بحال کر دیں اور گلوکارہ کو دوبارہ فالو کر لیا۔
ستمبر 2026ء میں اس وقت قیاس آرائیوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا جب آئمہ بیگ نے ایسی تصاویر پوسٹ کیں جن کے کیپشن میں لکھا تھا ’اسٹیٹس: سنگل‘، بعد ازاں متعدد میڈیا اداروں نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کر لی ہے، تاہم آئمہ بیگ اور زین احمد، دونوں میں سے کسی نے بھی ان اطلاعات کی تاحال عوامی طور پر تصدیق نہیں کی۔