جے ڈی وینس کی اہلیہ نومولود بیٹے سمیت ہیلی کاپٹر سے اترتے ہوئے گرتے گرتے بچ گئیں

— اسکرین گریب

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی اہلیہ اوشا وینس اور ان کا نومولود بیٹا ہیلی کاپٹر سے اترتے ہوئے گرتے گرتے بچ گئے۔

اوشا وینس میری لینڈ کے جوائنٹ بیس اینڈریوز پر ہیلی کاپٹر سے اترتے ہوئے لڑکھڑا گئیں، جہاں سے انہیں جے ڈی وینس کے ہمراہ وسط مدتی انتخابات سے قبل انتخابی مہم کے سلسلے میں الاسکا جانا تھا۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیو میں اوشا وینس کو گزشتہ روز ہیلی کاپٹر سے اترتے ہوئے سڑھیوں پر لڑکھڑاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر ان کی گود میں ان کا 9 ہفتوں کا بیٹا الیک نیل وینس بھی موجود تھا، انہوں نے بیٹے کو بیبی کیریئر کی مدد سے اپنے جسم کے ساتھ باندھا ہوا تھا، تاہم اوشا وینس نے فوراً اپنا توازن بحال کر لیا، انہوں نے مسکراتے ہوئے خود کو سنبھالا اور اپنے بچے کو تسلی دی۔

اس کے بعد جے ڈی وینس ان کے پیچھے طیارے سے اترے، جبکہ ان کی 4 سالہ بیٹی میرابل وینس ان کی گود میں تھیں۔

بعد ازاں جے ڈی وینس اہلِ خانہ کے ہمراہ پہلے سے انتظار میں کھڑے طیارے کی جانب روانہ ہوئے، جو انہیں الاسکا کے شہر اینکریج لے جانے والا تھا۔

خیال رہے کہ جے ڈی وینس کے چوتھے بیٹے الیک کی پیدائش رواں سال 19 جولائی کو میری لینڈ کے شہر بیتھزڈا میں ہوئی تھی۔

جے ڈی وینس اور اوشا وینس کے اس سے قبل 9 سالہ بیٹا ایون، 6 سالہ بیٹا وویک اور 4 سالہ بیٹی میرابیل ہیں۔