کسی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث نہیں، 20 سال کی عمر سے ٹیکس ادا کر رہی ہوں، راکول پریت سنگھ

تیلگو، ہندی اور تامل فلموں کی معروف اداکارہ راکول پریت سنگھ نے ان رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں ان کے کسی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ 

نئی دہلی سے تعلق رکھنے والی 36 سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ 20 سال کی عمر سے باقاعدگی سے ٹیکس ادا کر رہی ہیں اور ان کے پاس کوئی بے نامی جائیداد نہیں ہے۔ انہوں نے میڈیا سے غلط رپورٹس واپس لینے کی اپیل بھی کی۔

پیر کو راکول پریت سنگھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے ان خبروں پر سخت ردعمل کا اظہار کیا جن میں ان کے مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یہ اطلاعات  سامنے آئی تھیں کہ محکمہ انکم ٹیکس نے ممبئی میں راکول پریت سنگھ، ان کے سسر اور فلم پروڈیوسر واشو بھگنانی اور  اسٹوڈیوز سے منسلک متعدد مقامات پر تلاشی لی تھی۔ تاہم اب اداکارہ نے ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گزشتہ 16 برس سے ٹیکس ادا کر رہی ہیں اور وہ ایک قانون پسند شہری ہیں۔

اپنے بیان میں انھوں نے مزید کہا یہ دیکھ کر دل دکھتا ہے کہ میڈیا میں حقائق کی تصدیق کیے بغیر خبروں کو سنسنی خیز بنانے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ انکم ٹیکس کی مبینہ کارروائی سے متعلق انہوں نے کہا یہ تلاشی میرے حوالے سے نہیں تھی۔ میرا تعلق فوجی پس منظر سے ہے اور انڈسٹری میں میرا کوئی گاڈ فادر نہیں تھا۔ میں نے اپنی محنت کے بل بوتے پر مقام بنایا ہے۔

راکول نے کہا وہ ذاتی حیثیت میں یا کسی پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے کسی بھی قسم کی غیر قانونی غیر ملکی ترسیلات زر میں ملوث نہیں ہیں اور نہ ہی ملک یا بیرون ملک کسی کے نام پر میرے پاس کوئی بے نامی جائیداد ہے۔ مجھے  کسی نے کبھی بھی کوئی جائیداد تحفے میں نہیں دی اور میں اصولی طور پر ایسے مہنگے تحائف قبول نہیں کرتی۔

انھوں نے کہا میں ان تمام افراد اور میڈیا اداروں سے اپیل کرتی ہوں جنہوں نے یہ جھوٹی اور قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹس شائع کی ہیں کہ انہیں واپس لیں اور حقائق واضح کریں۔ 

جہاں تک کام کا تعلق ہے تو راکول پریت سنگھ جلد ہی نتیش تیواڑی کی فلم رامایانا میں نظر آئیں گی۔ انھوں نے حال ہی میں فلم کے لیے ڈبنگ کا آغاز کیا ہے۔ فلم کی ریلیز دیوالی 2026 کے موقع پر متوقع ہے۔