بھارتی انفلوئینسر مد سندھو کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کیے جانے کا انکشاف

—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی پنجاب کے معروف سوشل میڈیا کنٹینٹ کری ایٹر مد سندھو کو ہفتے کے روز امرتسر میں موٹر سائیکل سوار 2 افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، مد سندھو کو اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ میک اپ آرٹسٹ مد سندھو کی حملہ آوروں نے پہلے ریکی کی تھی اور پھر ان پر فائرنگ کی گئی، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

بھارتی پولیس نے بتایا ہے کہ مبینہ قاتلوں اور قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے افراد کے بارے میں معلومات حاصل ہو گئی ہیں، تحقیقات میں جَلد اہم انکشافات متوقع ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ قتل کے حوالے سے کئی اہم شواہد اور سراغ مل چکے ہیں جبکہ تمام ملوث افراد کی شناخت، گرفتاری اور قتل کے اصل محرکات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مادھو سودن سوشل میڈیا پر مد سندھو کے نام سے مشہور تھے، انہیں طویل عرصے سے جنسی شناخت کے باعث مسلسل نفرت انگیز تنقید اور ہراسانی کا سامنا تھا۔