ڈاکٹروں نے خاتون کے پیٹ سے 28.6 کلو وزنی رسولی نکال لی

—فائل فوٹو

بھارتی شہر جے پور کے سوائی مان سنگھ اسپتال کے ڈاکٹروں نے 59 سالہ خاتون کے پیٹ سے 28.6 کلو وزنی بڑی رسولی کامیابی سے نکال لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس پیچیدہ اور پرخطر آپریشن میں تقریباً 3 گھنٹے لگے، جبکہ رسولی کو ریٹروپیریٹونیل سارکوما قرار دیا گیا ہے۔

اسپتال کے مطابق خاتون تقریباً 3 سال سے پیٹ میں بڑھتی ہوئی رسولی کا شکار تھیں اور علاج کے لیے مختلف مقامات پر جاتی رہی تھیں، تاہم رسولی کے غیر معمولی حجم کے باعث ڈاکٹروں نے سرجری کو انتہائی خطرناک قرار دیا تھا۔

رسولی کے بڑھنے کے باعث خاتون کو چلنے پھرنے اور روزمرہ نقل و حرکت میں بھی دشواری کا سامنا ہونے لگا تھا، جس کے بعد وہ سوائی مان سنگھ اسپتال پہنچیں، طبی معائنے کے دوران ان کے پیٹ میں 28 کلو گرام سے زیادہ وزنی رسولی کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

کینسر کے شعبے سے مشاورت کے بعد ڈاکٹروں نے خاتون کی پرخطر سرجری کرنے کا فیصلہ کیا، جنرل سرجری کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر جیون کنکاریا کی سربراہی میں آپریشن کیا گیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق رسولی کے سامنے یوریٹر موجود تھا، جس کے باعث اسے محفوظ رکھتے ہوئے رسولی کو الگ کرنا انتہائی مشکل تھا، رسولی آنتوں، جگر، لبلبے، مثانے اور بڑی شریانوں سے بھی جڑی ہوئی تھی۔

ڈاکٹروں نے انتہائی احتیاط سے رسولی کو اہم اعضاء اور خون کی بڑی شریانوں سے الگ کیا اور تقریباً 3 گھنٹے کی سرجری کے بعد 28.6 کلو وزنی رسولی کامیابی سے نکال لی۔

سرجری کے بعد خاتون کو نگرانی کے لیے انتہائی نگہداشت کے یونٹ منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم رہی، بعد ازاں انہیں وارڈ منتقل کر دیا گیا اور ان کی صحت یابی کو اطمینان بخش قرار دیا گیا۔