اداکار رضا طالش نے منگنی کر لی، منگیتر کون ہیں؟

— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار آغا طالش کے پوتے اور احسن طالش کے بیٹے رضا طالش نے اپنی منگنی کا اعلان کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ابھرتے ہوئے اداکار نے لیلیٰ رضوی سے اپنی منگنی کی خوبصورت تصاویر شیئر کی ہیں۔

اداکار نے اس خصوصی موقع پر گھر میں ایک مختصر اور نجی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں قریبی اہلِ خانہ نے شرکت کی۔

تقریب میں ان کے والد اور والدہ سمیت خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔

رضا طالش اور ان کے والد نے ایک جیسے سادہ آف وائٹ لباس زیبِ تن کیے، جبکہ دلہن اور ان کی ساس نے ہلکے بٹر یلو رنگ کے ہم آہنگ ملبوسات کا انتخاب کیا تھا۔

یہ خوبصورت اور پُرمسرت خاندانی تقریب اس جوڑے کی زندگی کے ایک نئے سفر کے آغاز کی یادگار بن گئی۔

خیال رہے کہ رضا طالش اداکاری کے ساتھ ساتھ پسِ پردہ اسسٹنٹ بھی ہیں، انہوں نے 2018ء میں ڈرامہ سیریل تعبیر سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔

ان کا تعلق شوبز سے وابستہ ایک معروف خاندان سے ہے، ان کے والد احسن طالش اداکاری کے علاوہ ڈائریکشن کے شعبے میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں، جبکہ ان کے دادا آغا طالش معروف اداکار تھے۔

رضا طالش کو سنو چندا، جانِ جہاں اور عبداللّٰہ پور کا دیوداس جیسے مقبول ڈراموں میں اپنے کرداروں کے باعث خاص شہرت حاصل ہوئی ہے۔