فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے بعد اماراتی پراسیکیوٹر جنرل نے اسے دہشت گرد حملے کی کوشش قرار دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ دبئی سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز کے معاون پائلٹ نے پرواز کے دوران کاک پٹ میں پائلٹ پر کلہاڑی سے حملہ کیا اور طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی۔
پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ معاون پائلٹ نے دہشت گردی کا منصوبہ پہلے سے بنا رکھا تھا۔
اماراتی پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق واقعے کے حالات، محرکات اور ممکنہ روابط کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ دیگر ٹھوس اور ڈیجیٹل شواہد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اس معاملے سے باخبر ذرائع نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ واقعے میں ملوث معاون پائلٹ کی شناخت عمانی شہری ہمام الحمامی کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب فلائی دبئی کے ترجمان نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، کمپنی اس مرحلے پر مزید تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔
یاد رہے کہ بدھ کو دبئی سے اسرائیل جانے والی پرواز نے ہنگامی سگنلز جاری کرنے کے بعد سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔