بھارتی صارفین نے کنگنا رناوت کو ملنے والی سیکیورٹی کو پیسوں کا ضیاع قرار دیدیا

اسکرین گریب/ ایکس 

بھارتی اداکارہ اور رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت کو ملنے والی سیکیورٹی کو سوشل میڈیا صارفین نے پیسوں کا ضیاع قرار دے دیا۔

کاکروچ جنتا پارٹی سے منسلک ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے کنگنا رناوت کو ملنے والی سیکیورٹی پر سوالات اٹھاتے ہوئے ویڈیو شیئر کی ہے۔

صارف نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ان لوگوں کی سیکیورٹی پر پیسہ خرچ کرنا پیسے ضائع کرنا نہیں ہے کیا؟ کیا عام آدمی کی زندگی کی کوئی قدر نہیں؟ 

کنگنا رناوت کی سامنے آنیوالی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ آخر رہنماؤں کے اردگرد سیکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کنگنا رناوت نے طلبہ احتجاج سے متعلق سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیوز کو ’قابلِ نفرت‘ قرار دیتے ہوئے مظاہرین کو ’گٹر جنریشن‘ کہا تھا۔

جس کے جواب میں انہیں طلبہ کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کاکروچ جنتا پارٹی کے ترجمان آشوتوش رانکا نے اداکارہ کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ آپ نے ہمیں کاکروچ اور ’گٹر جنریشن‘ کہا، لیکن یاد رکھیں انہی ‘کاکروچز’ نے آپ کی حکومت کے ایک وزیر کو استعفیٰ دینے پر مجبور کیا۔

بھارتی طلبہ کی جانب سے احتجاج کے بعد 25 جولائی کو مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد پرہلاد جوشی کو نیا وزیر تعلیم مقرر کیا گیا تھا۔