ممبئی میں الیکشن کمیشن کیخلاف کاکروچ پارٹی کا مظاہرہ، بالی ووڈ اداکار بھی شریک

فوٹوز: بھارتی میڈیا 

بھارتی شہر ممبئی کے شیواجی پارک میں الیکشن کمیشن کے خلاف ہونے والے احتجاج میں معروف اداکارہ شبانہ اعظمی، اداکار نصیرالدین شاہ اور گلوکار و موسیقار وشال دادلانی سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

بھارتی ووٹر لسٹوں میں ہیرا پھیری کے الزامات سامنے آنے پر کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے زیر اہتمام ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھارتی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔ 

بالی ووڈ اداکار نصیرالدین شاہ احتجاج میں سی جے پی کے بانی ابھیجیت ڈپکے کے ساتھ نظر آئے اور دونوں نے ایک دوسرے کو گلے بھی لگایا۔ ڈپکے کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں نصیرالدین شاہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں وشال دادلانی بھی احتجاج میں پہنچے اور ابھیجیت ڈپکے سے گلے ملے۔

اداکارہ شبانہ اعظمی نے مظاہرے کے دوران کہا کہ احتجاج کرنا لوگوں کا حق ہے اور جب لوگوں کے نام انتخابی فہرستوں سے نکال دیے جائیں تو انہیں احتجاج کرنا چاہیے۔

پولیس کی جانب سے احتجاج کی اجازت نہ دیے جانے کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ شیواجی پارک پہنچے، جبکہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) اور آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن (اے آئی ایس ایف) کے کارکن بھی مظاہرے میں شریک ہوئے۔

 سی جے پی نے آج سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد جنتر منتر پر پولیس اور نیم فوجی دستے تعینات کر دیے گئے۔

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر  انتخابی فہرستوں کی ’اسپیشل انٹینسیو ریویژن‘ کے دوران 30 ریاستوں اور یونین ٹریٹریز سےتقریبا 13 کروڑ ووٹرز کے نام حذف کر نے کاالزام ہے۔

بھارتی اخبار نے رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے اندرونی اجلاسوں میں باقی دو الیکشن کمشنرز نے ووٹر لسٹوں کے فیصلوں پر 14 بار تحریری اعتراضات اٹھائے تھے، جنہیں چیف الیکشن کمشنر نے مبینہ طور پر نظر انداز کر دیا۔

دوسری جانب بھارتی الیکشن کمیشن نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے۔