امریکی گلوکار چارلس کیلی کو خون کے کینسر کی تشخیص

— فائل فوٹو 

امریکی میوزک بینڈ ’لیڈی اے‘ کے گلوکار چارلس کیلی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ملٹی پل مائیلوما نامی خون کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

45 سالہ گلوکار چارلس کیلی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ان کی اہلیہ کو بھی ان کے ساتھ بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس ویڈیو میں مداحوں کو اپنی صحت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ میری پسلیوں میں اچانک فریکچر ہونے کے بعد ڈاکٹر نے متعدد خون کے ٹیسٹ کروائے، جن میں سے ایک ٹیسٹ کے ذریعے بیماری کی تشخیص ہوئی۔ 

گلوکار نے بتایا ہے کہ ابھی میں خود کو صحت مند محسوس کر رہا ہوں اور اپنے علاج کے حوالے سے پُرامید ہوں۔

ملٹی پل مائیلوما کیا ہے؟

یہ خون کا ایک کینسر ہے جو ہڈیوں کے گودے میں موجود ’پلازما سیلز‘ میں پیدا ہوتا ہے۔

اس بیماری کے دوران غیر معمولی خلیات بڑھ کر صحت مند خون کے خلیات کی پیداوار متاثر کر سکتے ہیں صرف اتنا ہی نہیں بلکہ ہڈیوں، گردوں اور دیگر اعضاء کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

اس بیماری میں ہڈیوں کی کمزوری، خصوصاً کمر، کولہوں اور پسلیوں میں درد یا فریکچر ہو سکتا ہے، جب کہ بعض مریضوں میں خون کی کمی کے باعث تھکن، کمزوری اور سانس پھولنے جیسی علامات بھی ظاہر ہو سکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق ملٹی پل مائیلوما فی الحال عام طور پر ناقابلِ علاج بیماری سمجھی جاتی ہے، تاہم جدید علاج نے بیماری کو کنٹرول کرنے اور مریضوں کی بقا کے امکانات میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیماری کے علاج کا طریقہ مریض کی حالت کے مطابق مختلف ہو سکتا ہے جیسے کہ ٹارگٹڈ ادویات، امیونو تھراپی، کیموتھراپی اور اسٹیم سیل ٹرانسپلانٹ وغیرہ۔