میں روایتی ٹی وی ہیرو نہیں بننا چاہتا: حارث وحید

— فائل فوٹو 

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حارث وحید کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کے روایتی ہیرو کے کردار تک محدود نہیں رہنا چاہتا بلکہ اپنی اداکاری کے ذریعے ٹی وی ہیرو کی ایک منفرد شناخت بنانا چاہتا ہوں۔

حارث وحید نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ میری اداکاری کا انداز بدل چکا ہے اور میں ایسے کردار ادا کرنا چاہتا ہوں جن میں حقیقت، تفریح اور گہرائی ہو، تاکہ ناظرین ان کرداروں سے جڑ سکیں اور ان پر غور بھی کریں۔

انہوں نے کہا کہ اداکار صرف اسکرپٹ یا ہدایت کار پر انحصار نہیں کر سکتا بلکہ کردار کو دلچسپ اور مؤثر بنانا خود اداکار کی بھی ذمے داری ہے۔

اداکار نے کہا کہ میں کمرشل طور پر کامیاب اور مشکل دونوں طرح کے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں۔

انہوں نے پاکستانی ڈراموں میں محبت کے نام پر زہریلے رویوں کی عکاسی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

حارث وحید کا کہنا ہے کہ ریٹنگز کی دوڑ کے باعث مشکل اور بہتر کرداروں کے لیے گنجائش محدود ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی کردار کو صرف اچھا یا برا سمجھ کر نہیں نبھاتا بلکہ اس کی پیچیدگی کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہوں، کیونکہ میرے نزدیک ہر انسان میں بہتری اور نجات کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔