پاکستانی اداکار و میزبان فیضان شیخ نے آن لائن ہراسانی اور ٹرولنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین سے دوسروں پر ذاتی حملوں سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
فیضان شیخ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ’اسٹاپ آن لائن ہراسمنٹ‘ کے پیغام پر مبنی پوسٹ شیئر کی ہے اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے منفی اثرات پر بات کی ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں لکھا ہے کہ ٹرولنگ ہمارا نیا قومی کھیل بن چکا ہے، نئے آنے والے فنکار ہوں، تجربہ کار اداکار، قومی ہیرو یا کسی کے لباس اور شکل و صورت، سب ہی کو ٹرول کیا جا رہا ہے۔
اداکار نے کہا کہ ٹرولنگ ذہانت پر مبنی مذاق نہیں بلکہ مزاح کے پردے میں چھپی ہوئی سفاکی ہے، ہر سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے پیچھے ایک حقیقی انسان موجود ہے اور مسلسل منفی رویہ ذہنی صحت پر حقیقی اثرات مرتب کرتا ہے۔
فیضان شیخ نے کہا ہے کہ مسلسل آن لائن تنقید بے چینی، تنہائی اور خود اعتمادی میں کمی کا سبب بن سکتی ہے۔
انہوں نے صارفین پر زور دیا کہ کسی کے بارے میں تکلیف دہ بات لکھنے سے پہلے اس شخص کے احساسات کو بھی مدِنظر رکھیں۔
اداکار نے کہا ہے کہ کسی کو چند لمحوں کی خوشی کے لیے نیچا دکھانے میں کوئی محنت نہیں لگتی، لیکن ہمدردی کا انتخاب کرنا اچھے کردار کا مظاہرہ ہے۔
فیضان شیخ نے اپنے پیغام کے اختتام پر سوشل میڈیا صارفین سے ٹرولنگ اور آن لائن ہراسانی روکنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اسے بند کریں۔‘