زویا ناصر کا سیلون چھوڑ کر اداکاری اختیار کرنے کا انکشاف

 زویا ناصر—فائل فوٹو

 پاکستانی اداکارہ، ماڈل اور کاروباری شخصیت زویا ناصر نے سیلون کا کامیاب کاروبار چھوڑ کر شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے کی جدوجہد کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔

ایک موقع پر گفتگو کے دوران زویا ناصر نے بتایا ہے کہ میں نے 28 سال کی عمر میں ایک خطرناک فیصلہ کرتے ہوئے سیلون کا کاروبار چھوڑ کر اداکاری کو بطور پیشہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

اداکارہ کے مطابق ایک کامیاب اور مستحکم شعبے کو چھوڑ کر ایسے میدان کا انتخاب کرنا جہاں مستقبل کی کوئی ضمانت نہیں تھی، آسان فیصلہ نہیں تھا۔

 ان کا کہنا ہے کہ میرے دوستوں، خاندان اور چاہنے والے تقریباً سب ہی افراد نے مجھے اس فیصلے سے باز رہنے کا مشورہ دیا، تاہم میری بہن ساشا نے میری حوصلہ شکنی نہیں کی۔

زویا ناصر نے کہا کہ اگر آپ کسی سے محبت اور اس کی فکر کرتے ہیں تو عموماً اس کے لیے محفوظ راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، کیونکہ محفوظ راستہ اکثر وہی ہوتا ہے جو ہمارے لیے پہلے سے مانوس ہو اور مانوس چیز ہمیشہ درست محسوس ہوتی ہے۔

انہوں نے اپنے فیصلے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے مانوس راستے کے بجائے غیر یقینی کو منتخب کیا۔

واضح رہے کہ زویا ناصر نے کاسمیٹولوجی کے شعبے میں کامیاب کیریئر کے بعد ٹیلی ویژن انڈسٹری کا رخ کیا، وہ متعدد مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔