میگھن مارکل کا کیٹ مڈلٹن کو شکست دینے کے منصوبے کا انکشاف

—فائل فوٹو

شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد برطانوی پرنس ہیری کی اہلیہ امریکی اداکارہ میگھن مارکل کیٹ مڈلٹن کو شہرت میں پیچھے چھوڑنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق میگھن مارکل برطانیہ واپسی کے ایک ماہ بعد بھی منظرِ عام سے دور ہیں اور جان بوجھ کر اپنی عوامی سرگرمیوں میں تاخیر کر رہی ہیں تاکہ ان کی دوبارہ رونمائی کے لیے لوگوں میں زیادہ تجسس پیدا ہو۔

بین الاقوامی میڈیا پر شاہی خاندان کے ایک قریبی ذریعے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ میگھن مصروفیات کے باوجود دانستہ طور پر منظر سے دور رہ رہی ہیں، اداکارہ کی خواہش ہے کہ دوبارہ عوام کے سامنے آنے پر انہیں بھرپور پذیرائی ملے اور لوگ انہیں دیکھنے کے لیے پُرجوش ہوں۔

رپورٹس کے مطابق میگھن کا مقصد ایسی شاندار عوامی پذیرائی حاصل کرنا ہے جو انہیں ان کی جیٹھانی کیٹ مڈلٹن سے زیادہ نمایاں کر دے۔

شاہی خاندان کے قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کیٹ مڈلٹن سے زیادہ شہرت حاصل کرنا ہی میگھن کی زندگی کا اصل مقصد ہے۔

واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن نے 2020ء میں شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

بعد ازاں دونوں نے شاہی خاندان پر اپنے بیٹے آرچی کے ساتھ نسلی امتیاز کا الزام بھی عائد کیا تھا۔