شلپا راؤ کا نور جہاں کو 100 ویں سالگرہ پر منفرد خراجِ عقیدت

— فائل فوٹو 

بھارتی گلوکارہ شلپا راؤ نے ملکۂ ترنم نور جہاں کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

شلپا راؤ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہیں مرحوم پاکستانی گلوکارہ کا مشہور گانا ’نیتِ شوق‘ گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اپنی یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ21 ستمبر کو نور جہاں کی سالگرہ تھی، 2026ء ان کی پیدائش کی 100ویں سالگرہ کا سال ہے اور میں اس موقع پر انہیں اپنی بھرپور محبت بھیج رہی ہوں۔

بھارتی گلوکارہ کی جانب سے نور جہاں کو پیش کیے گئے اس خراجِ عقیدت نے دونوں ممالک کے موسیقی کے شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے لیجنڈری پاکستانی گلوکارہ کو یاد کرنے پر بھارتی گلوکارہ کی خوب تعریفیں بھی کی جا رہی ہیں۔

ملکۂ ترنم نور جہاں کا شمار برصغیر کی عظیم ترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے اور انتقال کے کئی برس بعد آج بھی ان کی آواز اور موسیقی کا اثر برقرار ہے۔