برطانوی وزیرِ اعظم اینڈی برنہم نے اعلان کیا ہے کہ لیبر پارٹی آئندہ عام انتخابات انتخابی نظام میں اصلاحات کے وعدے کے ساتھ لڑے گی۔
لیور پول میں لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس سے پہلے خطاب میں اینڈی برنہم نے انتخابی اصلاحات کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے قومی کمیشن قائم کرنے کا منصوبہ پیش کیا اور دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اس عمل میں شریک ہونے کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ مقصد ایسا انتخابی نظام تشکیل دینا ہے جس میں ہر ووٹ کی قدر ہو اور ہر آواز سنی جائے، قومی کمیشن موجودہ فرسٹ پاسٹ دی پوسٹ نظام کے متبادل کا جائزہ لے گا جن میں متناسب نمائندگی، سنگل ٹرانسفریبل ووٹ اور ایڈیشنل ممبر سسٹم شامل ہیں۔
ان نظاموں کا مقصد پارلیمنٹ میں سیاسی جماعتوں کی نشستوں کو ان کے حاصل کردہ ووٹوں کے تناسب کے قریب لانا ہے تاکہ کم ووٹ لے کر بھاری اکثریت حاصل کرنے یا زیادہ ووٹ لینے کے باوجود کم نشستیں ملنے جیسے نتائج سے بچا جا سکے۔
برطانیہ میں اس وقت فرسٹ پاسٹ دی پوسٹ نظام رائج ہے جس کے تحت ہر حلقے میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والا امیدوار کامیاب ہوتا ہے۔
2024ء کے عام انتخابات میں لیبر پارٹی نے 34 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے تاہم اسے پارلیمنٹ میں بھاری اکثریت ملی جس کے بعد انتخابی اصلاحات کے مطالبات میں اضافہ ہوا۔
لبرل ڈیمو کریٹس طویل عرصے سے متناسب نمائندگی کے حامی ہیں جبکہ کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے مجوزہ اصلاحات کی مخالفت متوقع ہے۔