امارات کا اسرائیل کی پرواز میں چاقو حملے کی تحقیقات کا حکم

اٹارنی جنرل ڈاکٹر حماد سیف الشمسی — فائل فوٹو

متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل ڈاکٹر حماد سیف الشمسی نے فلائی دبئی کی دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز FZ1073 میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

اماراتی خبر ایجنسی نے جمعرات کو جاری کی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ کاک پٹ میں جھگڑے کے بعد پرواز کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔

تحقیقات میں واقعے کے حالات اور اس کے پسِ پردہ محرکات کا جائزہ لیا جائے گا، جس میں یہ بھی دیکھا جائے گا کہ آیا اس کا تعلق کسی عسکریت پسند سرگرمی سے تھا یا واقعہ پہلے سے منصوبہ بندی یا کسی کی ہدایت کے تحت پیش آیا۔

متحدہ عرب امارات کے عدالتی حکام نے کہا ہے کہ اس معاملے میں اماراتی حکام کو قانونی اختیار حاصل ہے کیونکہ ایئر لائن متحدہ عرب امارات میں رجسٹرڈ ہے۔

حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ اماراتی قانون کے تحت طیارے میں ہونے والے جرائم پر ملکی قانون کا اطلاق ہوتا ہے، خواہ وہ جرم ملک کی حدود سے باہر ہی کیوں نہ ہوا ہو۔