احد رضا میر کا شوبز سے وقفہ لینے کا اعلان

احد رضا میر— فائل فوٹو

پاکستانی معروف اداکار احد رضا میر نے شوبز سے وقفہ لینے کا اعلان کر دیا۔

حال ہی میں اداکار نے ایک انسٹا لائیو سیشن کے دوران شوبز انڈسٹری سے وقفہ لینے کا اعلان کیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ویڈیو میں احد رضا میر نے کہا ہے کہ میں اگلے سال چھٹی لے رہا ہوں، میں نے سوچا کہ آپ لوگوں کو بر وقت بتا دوں تاکہ آپ اس حوالے سے تیار رہیں کہ میں وقفہ لے رہا ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں مکمل طور پر منظر سے غائب ہو جاؤں گا، اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاروں گا اور انسٹاگرام بھی بند رہے گا، یہ کچھ حد تک نیم ریٹائرمنٹ جیسا ہے۔

احد رضا میر کے اس اعلان کے بعد مداحوں کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، بعض مداحوں کا خیال ہے کہ شاید وہ شادی کی تیاری کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ احد رضا میر کا شمار پاکستانی ٹی وی کے نمایاں اداکاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے یقین کا سفر، عہدِ وفا، یہ دل میرا، میم سے محبت اور ہم تم جیسے کامیاب ڈراموں کے ذریعے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی شناخت بنائی ہے۔

ذاتی زندگی کے حوالے سے احد رضا میر نے مارچ 2020ء میں اداکارہ سجل علی سے ابوظبی میں شادی کی تھی، تاہم بعد ازاں دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی تھی اور 2022ء میں ان کی طلاق کی اطلاعات سامنے آئی تھی۔