جب وی میٹ کی ’گیت‘، ڈرامہ ’ان کہی‘ کی ثناء سے متاثر تھی: عاکف الیاس

—فائل فوٹوز

پاکستانی فیشن اسٹائلسٹ، میک اپ آرٹسٹ اور فوٹوگرافر عاکف الیاس نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ فلم ’جب وی میٹ‘ کی مقبول کردار ’گیت‘ پاکستانی ڈرامہ ’ان کہی‘ کی ثناء مراد سے متاثر تھی، جسے شہناز شیخ نے ادا کیا تھا۔

ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ میں بھارتی پروڈکشن ہاؤس کے ساتھ کام کر چکا ہوں اور اسی دوران میں نے ’ان کہی‘ اور ’جب وی میٹ‘ کا موازنہ کیا۔

عاکف الیاس کا کہنا ہے کہ میں نے ’ان کہی‘ دیکھنے کے بعد ’جب وی میٹ‘ دیکھی اور پھر دوبارہ ’ان کہی‘ دیکھا، جس کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا کہ فلم کا کردار گیت ’ان کہی‘ کی ثناء سے متاثر تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فلم انڈسٹری پاکستانی ثقافت، شاعری، اندازِ گفتگو اور طرزِ زندگی سے متاثر ہے، جبکہ پاکستانی ملبوسات بھی بھارت اور بنگلا دیش میں پسند کیے جاتے ہیں۔

عاکف الیاس نے سوشل میڈیا صارفین سے سوال کیا کہ وہ ’جب وی میٹ‘ اور ’ان کہی‘ کے کرداروں کا موازنہ کر کے اپنی رائے کا اظہار کریں کہ آیا گیت کا کردار ثناء سے متاثر تھا یا نہیں۔

واضح رہے کہ عاکف الیاس ایک معروف پاکستانی فیشن اسٹائلسٹ، میک اپ آرٹسٹ اور مشہور شخصیات کے فوٹو گرافر ہیں، جو انڈسٹری کے بڑے ستاروں کو اپنے منفرد اور مخصوص انداز کے ذریعے ایک نیا اور دلکش روپ دینے کے لیے جانے جاتے ہیں۔

پاکستان میں ایک کامیاب کیریئر بنانے کے بعد انہوں نے ترقی، ذاتی تحفظ اور ایک مختلف ماحول میں نئے سرے سے شروعات کرنے کی خاطر بیرونِ ملک منتقل ہونے کا اہم فیصلہ کیا۔

بیرونِ ملک منتقلی کے باوجود عاکف اپنے عزیز پاکستانی کلائنٹس کے لیے اسٹائلنگ اور فوٹوگرافی کے اپنے شوق کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔