امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا 30 لاکھ افراد کا حساس ڈیٹا لیک ہوگیا

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا تقریباً 30 لاکھ افراد کا حساس ڈیٹا لیک ہوگیا۔ یہ ڈیٹا فوج کے ایک بہت بڑے حصے سے وابستہ افراد کا ہے۔ 

امریکی محکمہ دفاع کے ڈیفنس مین پاور ڈیٹا سینٹر (ڈی ایم ڈی سی) نے اپنے ایک فائل شیئرنگ سرور میں سیکیورٹی خامی کے باعث لاکھوں افراد کی ذاتی معلومات غیر مجاز افراد تک پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔

ڈی ایم ڈی سی  کے مطابق غیر مجاز صارفین نے تقریباً نو ماہ تک ایسے سرور تک رسائی حاصل کی جس میں غیر خفیہ شدہ ذاتی معلومات محفوظ تھیں۔

محکمے کے مطابق 16 جولائی 2026 کو حساس ڈیٹا لیک  کا پتا چلا، جس کے فوری بعد فائل شیئرنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرکے خامی دور کی گئی اور سسٹم بحال کردیا گیا۔

متاثرہ افراد کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق، تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اکتوبر 2025 سے 16 جولائی 2026 تک محدود تعداد میں غیر مجاز صارفین نے سرور پر موجود فائلوں تک رسائی حاصل کی۔

محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ اب تک چوری شدہ معلومات کے غلط استعمال کے کوئی شواہد نہیں ملے، فوجیوں کے سوشل سیکیورٹی نمبرز اور ان کی ملازمتوں کی تفصیلات لیک ہوئی ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس سیکیورٹی بریچ میں 27 لاکھ 60 ہزار زندہ جبکہ 2 لاکھ 94 ہزار ایسے افراد متاثر ہوئے جو اب حیات نہیں ہیں۔