زمبابوے کے نہ آنے پر آئرلینڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان

فائل فوٹو۔

زمبابوے کے پاکستان نہ آنے پر آئرلینڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان ہے جہاں آئرلینڈ کے اس دورے کے دوران 6 ون ڈے میچز کھیلنے کی توقع ہے۔ 

ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان سیریز تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل ہوگی جبکہ تین ون ڈے میچز پاکستان شاہینز کے ساتھ ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریز معاملات کے لیے پاکستان اور آئرلینڈ کے بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ 

ذرائع کے مطابق معاملات طے پانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سیریز کا باقاعدہ اعلان کرے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ آئندہ برس جنوری میں پاکستان، زمبابوے اور  آئرلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کی تجویز تھی جبکہ اس دوران آئرلینڈ کے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز اور ایک ٹیسٹ کی بھی تجویز تھی۔ 

ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر زمبابوے کی عدم شرکت کے بعد اب مجوزہ سیریز کے شیڈول میں ردوبدل کیا جا رہا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق پاکستان کی آئندہ برس بنگلادیش کے ساتھ بھی 5 ون ڈے میچز کی سیریز کی بات چیت جاری ہے۔