اسرائیلی میڈیا نے ہنگامی لینڈنگ کرنیوالے طیارے کے اندر کی تصاویر جاری کردیں

اسرائیلی میڈیا نے ہنگامی لینڈنگ کرنیوالے طیارے کے اندر کی تصاویر جاری کردی ہیں، ہیں جن میں ایک شخص کے کپڑوں پر خون کے دھبے دیکھے جاسکتے ہیں۔

اماراتی ایئر لائن کے طیارے کی سعودی شہر تبوک میں ہنگامی لینڈنگ کے بعد پرواز کے زخمی پائلٹ اورمعاون پائلٹ کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیارے کے ایک پائلٹ نے دوسرے پر چاقو سے حملہ کیا، جہاز کا کنٹرول چھیننے اور گرانے کی کوشش کی، حملہ کرنے والا پائلٹ جہاز کو تیس ہزار فٹ کی بلندی سے پندرہ ہزار فٹ تک نیچے لے آیا، زخمی پائلٹ نے ہاتھا پائی کے دوران ہنگامی صورت حال اور ہائی جیکنگ کا پیغام کنٹرول ٹاور کو دیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق طیارے کو کریش کرنے کی کوشش کرنے والا پائلٹ عمانی شہری ہے، دوسرے پائلٹ کا تعلق متحدہ عرب امارات سے ہے۔

اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سول لباس میں ملبوس پائلٹس کی سیکنڈ ٹیم نے طیارے کی تبوک ایئر پورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کروائی، یہ پائلٹس نہ ہوتے تو ایک اور نائن الیون یا 1976جیسی ہائی جیکنگ بن جاتی، جہاز میں سو سے زیادہ اسرائیلی مسافر سوار تھے، مسافروں کو متبادل پرواز سے تل ابیب روانہ کر دیا گیا ہے۔