فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز 2006ء میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے کاروباری مراکز سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق پروڈکشن مانیٹرنگ، ویڈیو سرویلنس یا ڈیجیٹل آئی سسٹم لگانا لازم ہو گا، ایف بی آر سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروبار ایکشن کی زد میں آئیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کاروبار سیل کرنے کے لیے ضرورت پڑنے پر پولیس کی مدد لی جائے گی، کمشنر ان لینڈ ریونیو رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی شروع کر سکے گا، اسسٹنٹ کمشنر یا اس سے اوپر کا افسر تحریری رپورٹ کمشنر کو دے گا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کمشنر انکوائری کرنے کے بعد چیف کمشنر کو رپورٹ بھیجے گا، چیف کمشنر کاروبار سیل کرنے یا نہ کرنے کا تحریری حکم جاری کرے گا، کاروباری مقام کا مکمل یا صرف مخصوص حصہ سیل کیا جا سکے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیل کرنے سے پہلے کاروباری شخص کو حکم کی کاپی دی جائے گی، سسٹم ایف بی آر سے منسلک ہونے تک کاروباری مقام سیل رہے گا، سیل شدہ کاروبار کھلوانے کے لیے جرمانہ دینا اور مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا ہو گا۔
سسٹم کی تنصیب کے وقت ایف بی آر کی ٹیکنیکل ٹیم موجود ہو گی، سسٹم نصب ہونے کے بعد کمشنر 3 دن کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا، الیکٹرانک مانیٹرنگ کے قواعد مزید کاروباروں اور مینوفیکچررز پر لاگو ہو سکتے ہیں۔