قومی کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 فارمیٹ میں کپتان سلمان علی آغا کی کپتانی کا دور ختم ہو گیا اور انہیں اسکواڈ سے بھی ڈراپ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سلمان علی آغا ٹیسٹ کے بعد ٹی 20 ٹیم سے بھی آؤٹ ہو جائیں گے، وہ صرف ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
ٹی 20 کے نئے کپتان کے لیے صاحبزادہ فرحان اور شاداب خان میں مقابلہ ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ حارث رؤف کے بعد شاہین آفریدی کو بھی ٹی 20 اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ ہو گیا ہے جبکہ شاہین آفریدی بدستور ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔
شاہین آفریدی نے پاکستان کے لیے سب سے زیادہ 136 اور حارث رؤف نے 133وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
ایجبسٹن ٹیسٹ کے ہیرو رضا اللّٰہ ٹی 20 اور ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت کے مضبوط امیدوار ہیں جبکہ ٹیسٹ کپتان بابر اعظم ٹی 20 اور ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی میں 3 ٹی 20 میچز کھیلیں گی جبکہ 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں 3 ملکی ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔
تین ملکی ون ڈے سیریز میں میزبان پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔