ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے کمانڈر کے مشیر علی بلالی نے کہا ہے کہ ایران کے پاس اتنے میزائل موجود ہیں کہ وہ کئی سال تک موجودہ رفتار سے میزائل حملے جاری رکھ سکتا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق علی بلالی نے کہا کہ ایران دشمن کو سبق سکھانے کے لیے جتنے میزائل ضروری ہوں گے، اتنے داغے گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ حملوں کا جواب نہ دینے کا دور ختم ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب فورس نے امریکی عوام کے نام کُھلا خط لکھا ہے جس میں عوام کو ٹرمپ انتظامیہ کو اقتدار سے ہٹانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے خط کے متن کے مطابق ایران اور امریکا مل جُل کر پُرامن طریقے سے رہ سکتے ہیں، امریکی عوام موجودہ صورتِ حال کے ذمے دار دھوکے باز اور پُرتشدد امریکی سیاستدانوں کو اقتدار سے ہٹائیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی عوام اپنے معاملات چالاک و عیار لوگوں کے بجائے دانا افراد کے سپرد کرے، امریکی عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرے، امریکی عوام فلسطین پر قبضہ کرنے والوں کو اپنی حکومت سے دور رکھے۔