ارشد ندیم کا ٹوکیو میں شاندار استقبال، پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پُروقار عشائیہ

— جنگ فوٹو 

پاکستان کے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم کی ٹوکیو آمد پر پاکستانی کمیونٹی نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ 

مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان اور اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین کے ایڈوائزر اسد نواز خان نے ان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا۔

میزبانوں میں سکندر پسیہ اور حشمت نواز بھی شامل تھے، جبکہ جاپان میں پاکستان کے قائم مقام سفیر حسنین حیدر تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

حسنین حیدر نے ارشد ندیم کی خدمات اور پاکستان کے لیے ان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی کھلاڑی ہمارے ہیروز ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں بھی اپنے کھلاڑیوں کو اسی طرح حمایت اور حوصلہ افزائی دینی چاہیے جس طرح کامیابی کے موقع پر ان کی پذیرائی کی جاتی ہے، کسی ایک مقابلے کا نتیجہ ان کی محنت اور قومی خدمات کی اہمیت کم نہیں کرتا۔

ملک نور اعوان نے ارشد ندیم کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ مقابلوں میں پاکستان کے لیے مزید تمغے حاصل کریں گے اور اسد نواز خان نے بھی ان کی جدوجہد کو سراہا۔

تقریب میں ارشد ندیم کے کوچ و منیجر سلمان اقبال بٹ، چوہدری اکرام، بغداد شاہ، شیخ عامر، الحاج فواد، علامہ شکیل ثانی، سید سلیم شاہ، منصور الہٰی، ان کے صاحبزادے بلال الہٰی اور سینئر نعت خواں ثاقب سمیت پاکستانی کمیونٹی کی متعدد شخصیات شریک ہوئیں۔

ارشد ندیم نے استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جیتنے والے کو سب سراہتے ہیں، لیکن مشکل وقت میں حوصلہ افزائی کھلاڑی کے لیے اہم ہوتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ وہ مزید 4 سے 5 سال کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور پاکستان کے لیے مزید تمغے حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔