بالی ووڈ کی معروف کوریوگرافر و ہدایت کارہ فرح خان نے انکشاف کیا ہے کہ متھن چکرورتی کی آمد پر فلم ’اوم شانتی اوم‘ کے سیٹ پر بھگدڑ مچ گئی تھی۔
فرح خان نے اپنے وی لاگ میں متھن چکرورتی کا انٹرویو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فلم کے مشہور گانے ’دیوانگی دیوانگی‘ میں 32 بڑے اداکاروں نے شرکت کی تھی لیکن متھن چکرورتی کے سیٹ پر پہنچتے ہی مداحوں اور عملے میں غیر معمولی جوش پیدا ہو گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون بے ہوش ہو گئیں جبکہ ایک لائٹ مین بھی انہیں دیکھنے کے لیے اپنی جگہ سے کود پڑا تو میں اور شاہ رخ خان یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے۔
فرح خان نے بتایا کہ گانے کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان مِتھن کے ڈانس اسٹیپس فالو نہیں کرپارہے تھے، جس پر مِتھن نے انہیں مذاقاً سر پر ہلکا سا تھپڑ مارا اور میں نے اس لمحے کو بھی گانے کے حتمی منظر میں شامل رکھا۔
واضح رہے کہ 2007ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’اوم شانتی اوم‘ کے گانے ’دیوانگی دیوانگی‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ سلمان خان، سنجے دت، کاجول، رانی مکھرجی، پریانکا چوپڑا، ریکھا، جوہی چاولہ اور دیگر بڑے اداکار بھی نظر آئے تھے۔